لا یستوی .................... الفائزون (95 : 02) ” دوزخ میں جانے والے اور جنت میں جانے والے کبھی یکساں نہیں ہوسکتے ۔ جنت میں جانے والے ہی اصل میں کامیاب ہیں “۔ نہ دونوں کے حالات برابر ہوں لے نہ مزاج برابر ہوگا۔ نہ راستہ اور نہ راستے پرچلنے کا طریقہ۔ نہ جہت اور نہ منزل۔ غرض ان کی کوئی چیز یکساں نہیں ہوسکتی۔ ان کے راستے ہی جدا ہیں اور یہ راستے اس طرح جدا ہیں کہ کسی مقام پر باہم نہیں ملتے۔ ان کی سمت جدا ہے ، اس کا خط جدا ہے ، نہ سیاست میں ، نہ صف میں اور نہ دنیا اور نہ آخرت میں۔
اصحب ............ الفائزون (95 : 02) ” جنت میں جانے والے ہی اصل میں کامیاب ہیں “۔ یہاں اہل جنت کا انجام بتادیا جاتا ہے اور اہل جہنم کو بھلا دیا جاتا ہے کہ ان کا انجام تو معلوم ہے ، گویا وہ بھلا دیئے گئے ، کم ہوگئے۔
اب قلب ونظر کی تاروں پر آخری اور شدید ضرب جس سے انسان کپکپا جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اے دل مومن اگر پہاڑوں پر یہ قرآن اتارا جاتا تو وہ بھی پاش پاش ہوجاتے۔